رانا مشہود احمد خان ولد رانا عبدالرحیم خان 26 اگست 1966 کو لاہور میں پیدا ہوئے ۔آپ ایک ایسے خاندان سے تعلق رکھتے ہیں جن کی نیک مقاصد کےلئے جدوجہد اور ایثار کرنے کی لمبی روایات /تاریخ ہے ۔ آپ کے دادا رانا عنائیت خان کپور تھلہ ریاست کی دستور ساز اسمبلی کے رکن رہے ۔ آپ کے والد سیکرٹری لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ، وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل ، پاکستان بار کونسل کے ممبر رہے ۔ رانا مشہود احمدخان نے 1991 میں ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی ۔بطور ایڈووکیٹ 2001 میں لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سیکرٹری رہے اور بار کی تاریخ میں سب سے کم عمر نوجوان سیکرٹری ہونے کا شرف حاصل رہا ۔آپ بین الاقوامی بار ایسوسی ایشن کے ممبر بھی ہیں ۔آپ نے 1993 میں بطور چیئرمین لیگل ایڈکمیٹی ، چیئرپرسن اے آر ڈی لیگل کمیٹی اور صدر لائیر فورم پنجاب بھی خدمات سرانجام دیں ۔ آپ 2002-07 اور 2008-13 کے دوران رکن صوبائی اسمبلی پنجاب رہے اور 2008-13 کے دوران ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی خدمات سرانجام دیتے رہے ۔2013 کے عام انتخابات میں مسلسل تیسری بار رکن اسمبلی منتخب ہوئے اور وزیر برائے سکول ایجوکیشن فرائض سرانجام دے رہے ہیں ۔آپ نے 20-06-2014 تا 13-10-2014 وزارت قانون و پارلیمانی امور کا اضافی چارج بھی سنبھالے رکھا ۔