سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں سے ایران کے صوبہ خراساں رضاوی کے گورنر جنرل محمد جواد محمدی زادے کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی وفد کی اسمبلی چیمبرز میں ملاقات
صوبائی اسمبلی پنجاب
لاہور۔(پریس ریلیز) 15 جنوری 2009
سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں سے ایران کے صوبہ خراساں رضاوی کے گورنر جنرل محمد جواد محمدی زادے کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی وفد نے اسمبلی چیمبرز میں ملاقات کی۔ملاقات کے لیے آنے والے وفد میں ایرانی قونصل جنرل سعید خرازی و دیگر ایرانی شامل تھے۔جبکہ اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں کے ہمراہ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی رانا مشہود احمد خاں‘ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں‘سینئر صوبائی وزیر راجہ ریاض احمد‘ صوبائی وزیر جیل خانہ جات چوہدری عبد الغفور ‘ اور دیگر اراکین پنجاب اسمبلی بھی موجو د تھے۔ایک گھنٹہ تک جاری رہنے والی ملاقات میں سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں نے ایرانی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ آپ کے وفدکے اراکین کا تعلق زند گی کے مختلف شعبو ں سے ہے ایسے وفود کے تبادلوں سے ان شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ ملے گا ۔صوبہ پنجاب کے عوام ایران کے ساتھ پاکستان کے برادرانہ تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔ایران امت مسلمہ کا وہ چراغ ہے جس کے علم وادب کی روشنی دور دور تک پھیلی ہوئی ہے ۔ہمیں ایرانی بھائیوں کے ساتھ اپنے درینہ تعلقات پر فخر ہے دونوں ممالک کی دوستی لازوال اور غیر معمولی ہے جسے ہمارے تاریخی ‘ثقافتی ، ادبی معاشی وا قتصادی تعلقات نے چار چاندلگادیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں ۔ایران ہمارا ایسا ہمسایہ ملک ہے جس نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان اور اس کے عوام کا ساتھ دیا ہے ۔توانائی کا شعبہ ہو ، گیس کا معاملہ ہو یا تیل کا بحران ، ایران نے ہمیشہ ہمار ا ساتھ دیا ہے ۔ہم ایران پاکستان انڈیا گیس پائپ لائن کے منصوبے کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔ رانا محمد اقبال خاں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ آپ کے حالیہ دورہ سے پاکستان اور ایران کے باہمی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے ۔ دونوں ممالک خطہ میں امن کی ترویج کے لیے اہم کردار کر سکتے ہیں ۔
ایران کے صوبہ خراساں رضاوی کے گورنر جنرل محمد جواد محمدی زادے نے کہا ہے کہ لاہور تاریخی اور ثقافتی اعتبار سے بڑی اہمیت کا حامل ہے اس کا سبب یہاں کے عوام کی علم و دانش سے گہری وابستگی ہے۔ خراسان بھی علم و فضل کا گہوارہ ہے اس میں کوئی شک نہیں کہ جغرافیائی سرحدوں کے لحاظ سے ہم دو اقوام ضرور ہیں تاہم دونوں ممالک کے درمیان عشق و محبت کا رشتہ ایک دوسرے کو جدا نہیں کر سکتا۔ ازل سے ایرانیوں کے دل پاکستانیوں کی محبت سے لبریز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تجارت سے پاکستان اور اہل ایران کے درمیان تعلقات میں اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک ایران دوستی فطری ہے اسکو بڑھائیں گے۔ گورنرخراساں نے سپیکر کی مہمان نوازی پر انکا شکریہ ادا کیا۔دونوں وفود نے تحائف کا تبادلہ کیا اور سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں نے ایرانی وفد میں شامل ایرانیوں کو شیلڈز پیش کیں ۔
(عبد القہار راشد)
افسر تعلقات عامہ
فون نمبر: 042-9200310 فیکس نمبر:042-9204750