Press Release Deputy Speaker 10-10-2013
No.PAP/PRO/Deputy Speaker/13/108
پریس ریلیز10 اکتوبر 2013
قائم مقام سپیکر پنجاب اسمبلی سردار شیر علی گورچانی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف کے فنڈ برائے زلزلہ متاثرین کیلئے عطیات دینے والوں کا جذبہ قابل ستائش ہے۔ مشکل کی گھڑی میں بلوچستان کے زلزلہ زدگان کی مددکرنا ہمارا دینی و قومی فریضہ ہے ۔ پاکستانی قوم نے ہمیشہ مشکل وقت میں اپنے متاثرہ بہن بھائیوں کی بڑھ چڑھ کر امدادکی ہے۔ بلوچستان کے زلزلہ متاثرین کی مدد کا کام قومی جذبے کے ساتھ جاری ہے ۔ پنجاب حکومت کی جانب سے متاثرین کی امداد کیلئے لسبیلہ میں رابطہ دفتر قائم کیا گیا ہے جبکہ رحیم یار خان میں بیس کیمپ بنایا گیا ہے۔ان خیا لات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی اپنے چیمبر میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ متاثرین کی امداد کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کا ہیلی کاپٹر امدادی اشیاء متاثرہ علاقوں میں پہنچا رہا ہے جبکہ ضروری اشیاء اور ادویات کے ٹرک روزانہ کی بنیاد پر متاثرہ علاقوں میں پہنچائے جا رہے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ حکومت متاثرین زلزلہ کی بحالی تک امداد جاری رکھے گی اور بلوچ بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آواران میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ عوام کے عطیات سے بلوچستان میں سوات کی طرح جدید ہسپتال بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کا غریب عوام کیلئے پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ انتہائی خوش آئند ہے ، موجودہ حکومت ملک کو اقتصادی مشکلات سے نکالنے کیلئے سخت محنت کر رہی ہے ۔حکومت پنجاب اس سال 26لاکھ کم وسیلہ خاندانوں کو 15ارب 90کروڑ 54لاکھ روپے کی براہ راست کیش سبسڈی فراہم کرے گی تاکہ ایسے غریب لوگ جو دو وقت کی روٹی کے لیے مہنگا آٹا خریدنے کی سکت نہیں رکھتے،انہیں اپنی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے کچھ ریلیف مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن ملکی معیشت کو مضبوط خطوط پر استوار کرنے کیلئے جن پالیسیوں پر کاربند ہے ان کی بدولت ترقی و خوشحالی کی منزل اب زیادہ دور نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیزکی تعمیر و ترقی کے حوالے سے مسلم لیگ ن کی کارکردگی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ۔ موجودہ مشکلات عارضی ہیں ، ن لیگ عوام کی ہمدرد جماعت ہونے کے ناطے ملک و قوم کی فلاح و بہبود کیلئے انقلابی اقدامات کررہی ہے ۔ڈپٹی سپیکر نے لاہور کے علاقہ انار کلی میں ہونے والے بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کی کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا ۔
ر اؤ ماجد علی
آفسر تعلقات عامہ برائے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی
فون نمبر: 042-99200313 فیکس نمبر:042-99200314
موبائل نمبر:03008811898