باب نمبر 6: اراکین کی رخصت ، استعفیٰ، انتقال اوررکنیت کا خاتمہ

باب6

 

 

 

 

اراکین کی  رخصت ، استعفیٰ، انتقال اوررکنیت کا خاتمہ

 

34۔  اجلاس کی کسی نشست سے رخصت کی اجازت:۔ (1)  کوئی رکن جواجلاس کی کسی نشست سے رخصت کے لئے اجازت حاصل کرنے کا خواہش مند ہووہ تحریری طور پر سپیکر کو درخواست بھیجے گا جس میں وہ اپنی رخصت  کی وجوہ بیان کرے  گا۔

(2) وقفہ سوالات کے بعد، لیکن اس نشست کی فہرست کارروائی پر آغاز سےقبل سیکرٹری ایوان کے روبرو یہ درخواست پڑھ کر سنائے گا اور بغیر کسی مباحثہ  کے سپیکر یہ سوال پیش کرے گا کہ آیا  ایوان اس کی منظوری دیتا ہے۔  

(3)  اگر کسی رکن کو ایسی درخواست بھیجنے میں کوئی رکاوٹ پیش آئے یا وہ درخواست بھیجنے سے قاصر ہو تو اسمبلی اس کی جانب سے پیش کردہ کسی دیگررکن کی درخواست پر رخصت منظور کرنے کی  مجاز ہو گی۔

(4) سیکرٹری،  بعجلت ممکنہ، رکن متعلقہ کو اسمبلی کے فیصلے سے مطلع کرے  گا۔

5)) اگر کوئی رکن جسے قواعد ہذا کے تحت رخصت کی اجازت دے دی گئی ہو، اس عرصہ کے دوران اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرے گا جس کے لئےاسے رخصت کی اجازت دی گئی ہو تو رخصت کا باقی ماندہ حصہ جس سے استفادہ نہ کیاگیا ہو اس کے حاضر ہونے کی تاریخ سے ختم ہو جائے گا۔

 

35۔ اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ ۔ (1)  کوئی رکن سپیکر کے نام اپنی دستخط شدہ تحریر کے ذریعے اپنی  سیٹ سے استعفیٰ  دے سکتا ہے۔

  (2)سپیکر استعفیٰ سے متعلق اسمبلی کو مطلع کرے گا اگر:

(اے)  کوئی رکن ذاتی طور پر استعفیٰ کا خط سپیکر کے حوالے کرے اوراسے مطلع کرے کہ استعفیٰ رضا کارانہ اور اصلی ہے اور سپیکر کواس کے برعکس کوئی اطلاع یا علم نہ ہو؛ یا

(بی)   سپیکر کو استعفیٰ کا خط کسی اور ذریعے سے موصول ہو اور وہ ایسی تحقیق کے بعد، جو وہ موزوں خیال کرے، خود یا بذریعہ اسمبلی سیکرٹریٹ یا کسی دیگر ایجنسی کے ذریعے، مطمئن ہو جائےکہ استعفیٰ رضا کارانہ اور اصلی ہے:

مگر شرط یہ ہے کہ اگر کوئی رکن ایسے وقت اپنی سیٹ سے استعفیٰ دےجب اسمبلی کا اجلاس نہ ہو رہا ہو تو سپیکر ہدایت کرے گا کہ اس رکن کے استعفیٰ کی اطلاع، جس میں استعفیٰ دینے کی تاریخ کا خاص طور پر ذکر ہو، فوری طور پر ہر رکن کودی جائے۔   

(3)  اگر سپیکر مطمئن ہو جائے کہ استعفیٰ کا خط رضا کارانہ اور اصلی ہے  تو سیکرٹری اس سلسلے میں گزٹ میں نوٹیفکیشن شائع  کرائے گا کہ مذکورہ رکن نےاپنی سیٹ سے استعفیٰ دے دیا ہے اور نوٹیفکیشن کی ایک نقل چیف الیکشن کمشنر کوبھجوائے گا۔

 (4)مذکورہ رکن کے استعفیٰ کی تاریخ وہی ہو گی جو وہ اس تحریر میں بیان کرے  جس کے ذریعے اس نےاستعفیٰ دیا ہو یا اگر اس تحریر میں تاریخ کا ذکر نہ ہوتو وہ تاریخ ہو گی جب ایسی تحریر سپیکر کو موصول ہو۔

 

36۔ کسی رکن کی سیٹ کا خالی قرار دیا جانا:۔ (1) اگر کوئی رکن اسمبلی کی  اجازت کے بغیر متواتر چالیس یوم  تک اسمبلی کے اجلاسوں سے غیر حاضر رہے توسپیکر اس امر سے اسمبلی کو مطلع کرے گا اور اس پر کوئی بھی رکن یہ تحریک پیش کر سکتا ہے کہ اس طرح غیر حاضر رہنے والے رکن کی سیٹ کو خالی قرار دیا جائے۔

(2) ذیلی قاعدہ(1) کے تحت پیش کردہ تحریک پر غور و خوض کے بعداسمبلی اس تحریک کو ملتوی، مسترد یا منظور کر سکتی ہے  اور اگر یہ تحریک منظور کر لی جاتی  ہے تو رکن کی سیٹ کو خالی قرار دے دیا جائے گا:

 مگر شرط یہ ہے کہ ایسی کسی تحریک پر، تحریک پیش کئے جانے کی تاریخ کے  بعد سات دن گزرنے سے پہلے غور نہیں کیا جائے گا۔

(3) اگر مذکورہ رکن کی سیٹ خالی قرار دے دی جاتی ہے تو سیکرٹری اس  سلسلے میں گزٹ میں نوٹیفکیشن شائع کرائے گا اور نوٹیفکیشن کی ایک نقل چیف الیکشن کمشنر کو بھجوائے گا۔

 

37۔ رجسٹر حاضری:۔    سیکرٹری ایک ایسا  رجسٹر یا حاضری کی شیٹ رکھنے کا اہتمام کرے  گا  جس میں اسمبلی کے ہر اجلاس کے موقع پر ہر رکن کی حاضری کا اندراج ہو  گا اور رجسٹر یا حاضری کی شیٹ، جیسی بھی صورت ہو، اراکین کے معائنہ کے  لئے مہیا کرے گا۔

 

38۔ کسی رکن کی رکنیت ختم ہو جانا،نا اہلیت اور انتقال کر جانا:۔ (1)  اگر کسی انتخابی تنازع کی بناء پر کسی رکن کی رکنیت ختم ہو جائے  یا وہ رکن بننے کے لئے نا اہل ہو جائے تو چیف الیکشن کمشنر فوری طور پر سپیکر کو اس امر  سےمطلع کرے گا جس میں اس کی رکنیت ختم ہونے، یا رکن بننے کے لئے نا اہل قراردئیے جانے، جیسی بھی صورت ہو، کی تاریخ کا  بھی ذکر ہو گا اور ایسی اطلاع موصول ہونے  پر سپیکر، اپیل کی میعاد گزرنے کے بعد، بعجلت ممکنہ ،اسمبلی کو مطلع کرے گاکہ چیف الیکشن کمشنر نے اس رکن کی رکنیت ختم کر دی ہے یا اسے نااہل قراردے دیا ہے۔

 (2)اگر اسمبلی کا اجلاس نہ ہو رہا ہو تو سپیکر ہدایت کرے گا کہ مذکورہ بالااطلاع فوری طور پر اراکین کو پہنچائی جائے۔

(3)  کسی رکن کے انتقال کر جانے کی صورت میں ، ڈپٹی کمشنر یامتعلقہ پولیٹیکل ایجنٹ، جیسی بھی صورت ہو، فوری طور پر سپیکر کو مطلع کرے گا اور جب سپیکر کو رکن کے انتقال کی اطلاع موصول ہو جائے تو سیکرٹری، بعجلت ممکنہ گزٹ میں نوٹیفکیشن،  جس میں انتقال کر جانے والے رکن کے نام اور اس کے انتقال کی  تاریخ کا ذکر ہو گا، شائع کرائے گا اور اس کی ایک نقل چیف الیکشن کمشنر کو بھی بھجوائے گا۔

 

ایوان

سیکریٹیریٹ

اراکین

کمیٹیاں

ایوان کی کارروائی

مرکز اطلاعات

رپورٹیں اورمطبوعات