Strong Condemnation of Mr. Speaker and Deputy Speaker, Punjab Assembly against the attack on Manawan Police Training Center, Lahore
صوبائی اسمبلی پنجاب
لاہور۔(پریس ریلیز) 30مارچ 2009
سپیکر رانا محمد اقبال خاں اور ڈپٹی سپیکر رانا مشہود احمد خاں کی مناواں پولیس ٹریننگ سنٹر میں ہونے والے حملہ کی شدید مذمت اور اظہار افسوس
سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں اور ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی رانا مشہود احمد خاں نے مناواں پولیس ٹریننگ سنٹر پرحملہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس سانحہ کو پاکستان کے خلاف انتہائی سنگین سازش قرار دیا۔ سپیکر نے اس سانحہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حملہ پاکستان کی سلامتی کے خلاف سازش ہے قوم کو متحد ہو کر مقابلہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ درندگی کے اس واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے آئے دن دہشت گردی کے واقعات پیدا کر کے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے امیج کو خراب کرنے کی مذموم کوشش کی جا رہی ہے۔رانا محمد اقبال خاں نے کہا کہ تخریب کار پاکستان کو ترقی کرتے ہوئے نہیں دیکھ سکتے تاہم پاکستانی قوم دشمن کے نا پاک ارادوں کوکامیاب نہیں ہونے دے گی ۔ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی رانا مشہود احمد خاں نے اپنے مذمتی بیان میں اس سانحہ کوپاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازش قرار دیا اور کہا کہ یہ المناک سانحہ ملکی سا لمیت کے خلاف منظم اور گھناوٴنی سازش ہے ۔ٹریننگ حاصل کرنے والے پولیس کے نوجوانوں پر گولیاں برسانا دہشت گردی کی بد ترین مثال ہے ۔ رانا مشہوداحمد خاں نے کہا کہ ہمارے نوجوان دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ میں غیر ملکی ہاتھ کے ملوث ہونے کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ گورنر پنجاب صوبہ میں سیکورٹی فراہم کرنے میں ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے مستعفی ہوں۔سپیکر اور ڈپٹی سپیکر نے دعا کی کہ اس سانحہ کے شہداء کو اللہ تعالی جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور زخمیوں کی صحت کاملہ عاجلہ عطا فرمائے ۔
) عبد القہار راشد (
افسر تعلقات عامہ
فون نمبر: 042-9200310 فیکس نمبر:042-9204750