Meeting of Mr. Speaker with Journalists in Punjab Assembly Chamber
صوبائی اسمبلی پنجاب
لاہور۔(پریس ریلیز) 17مارچ 2009
عدلیہ کی بحالی تاریخی فیصلہ ہے جس ملک میں عدالتیں آزاد ہو ں وہ ناقابل تسخیر ہوتا ہے عدلیہ کی بحالی کافیصلہ جمہوریت اور اداروں کی مضبوطی کے لئے سنگ میل ثابت ہو گا ۔ فوجی اور پارلیمانی قیادت نے مثبت کردار اداکرتے ہو ئے ملک کوایک شدید بحران سے نکالاہے۔پاکستان مسلم لیگ (ن)نے عدلیہ کی بحالی میں اپنا فیصلہ کن کردار ادا کیاہے میاں محمد نواز شریف نے اپنی جان اور صحت کی پرواہ کئے بغیر ایک قومی کاز کی خاطر آزاد عدلیہ کے نعرہ کو عملی جامہ پہنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں نے اسمبلی چیمبرز میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ عدلیہ کی بحالی میں وکلاء برادری‘ سیاسی جماعتوں اور میڈ یا کا کردار قابل تحسین ہے ۔سپیکر نے معزول ججوں کی بحالی پر قوم کو مبارکباد پیش کی ۔انہوں نے کہا کہ معزول ججوں کی بحالی سے نہ صرف پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند ہو گیا ہے بلکہ عام آدمی کے دل میں بھی امیدکی کرن جاگی ہے کہ اب ان کے مسائل پر پوری توجہ دی جائے گی۔ رانا محمد اقبال خاں نے کہا کہ عوام توقع کرتے ہیں کہ عدلیہ کی آزادی کے بعد اب باقی تمام معاملات کو حسن تدبیراور آئینی طریقہ سے حل کر لیا جائے گا اور جمہوری تقاضوں کے مطابق پنجاب میں اکثریتی پارٹی کے مینڈیٹ کو تسلیم کیا جائے تاکہ بلاتاخیر عوام کو ان کے حقوق مل سکیں انہوں نے کہا کہ میر ا شروع ہی سے موقف رہا ہے کہ حکومت عوامی خواہشات کو مد نظر رکھتے ہوئے فیصلے کرے ۔ سیاستدان اور حکومت اس تاریخی موقع پر اس عزم کا اظہا ر کریں کہ نظریہ ضرورت کو ہمیشہ کے لیے دفن کر کے آئین و قانون کے مطابق فیصلے ہوں اور پارلیمنٹ کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے ۔
)عبد القہار راشد(
افسر تعلقات عامہ
فون نمبر: 9200310042- فیکس نمبر: 9204750042-
موبائل نمبر: 42846070300-