Press Release Details

Print

9th April 2018

Press Release of Mr. Speaker of dated 09-04-2018

صوبائی اسمبلی پنجاب

PAP/PRO/SPEAKER/18/16

لاہور۔(پریس ریلیز) 09اپریل 2018

پنجاب اسمبلی نے اپنے موجودہ دور میں ریکارڈ قانون سازی کے ذریعے عوام کے مسائل حل کرنے میں مرکزی کردارادا کیا ہے۔ 2018انتخابات کا سال ہے اور پنجاب کی عوام کا یہ حق ہے کہ وہ جان سکیں کہ جن عومی نمائندوں کو انہوں نے ایوانوں میں بھیجا تھا ان کی کارکردگی کیسی رہی۔

پنجاب اسمبلی کی چار سالہ کارکردگی رپورٹ کی تقریب رونمائی کے موقع پرجناب سپیکر رانا محمد اقبال خاں کا اظہار خیال

 

     پنجاب اسمبلی نے اپنی چار سالہ کارکردگی رپوٹ شائع کر دی۔ رپورٹ کی تقریب رونمائی آج پنجاب اسمبلی کے کیفے ٹیریا میں منعقد ہوئی جس کے میزبان سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں تھے۔ تقریب میں صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی،"صوبائی" کے ٹیم لیڈر ڈونا بگبی سمتھ(Donna Bugby Smith) ، سینئرسیکرٹری پنجاب اسمبلی رائے ممتاز حسین بابر،سینئر صحافی اور اسمبلی افسران نے شرکت کی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رانا محمد اقبال خاں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی نے اپنے موجودہ دور میں ریکارڈ قانون سازی کے ذریعے عوام کے مسائل حل کرنے میں مرکزی کردارادا کیا ہے۔ سپیکر نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کا ایوان ملک کا سب سے بڑا ایوان ہے۔ عوام کو اس سے توقعات بھی زیادہ ہیں۔رانا محمد اقبال خاں نے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کی پہلی رپورٹ ہے جس میں اسمبلی کے پہلے چار سال کی کار گزاری پیش کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی شفافیت اور احتساب کے کڑے امتحان سے گزر کر اپنی پانچ سالہ پارلیمانی مدت پوری کرنے کو ہے۔ 2018انتخابات کا سال ہے اور پنجاب کے عوام کا یہ حق ہے کہ وہ جان سکیں کہ جن عومی نمائندوں کو انہوں نے ایوانوں میں بھیجا تھا ان کی کارکردگی کیسی رہی۔ انہوں نے کس طرح کی اور کتنی قانون سازی کی؟ حکومتی محکموں پر کیا چیک اور بیلنس رکھا اور سب سے بڑھ کر یہ کہ آیا منتخب عوامی نمائندوں نے نمائندگی کا حق ادا کیا کہ نہیں؟انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کی تیار کردہ یہ مفصل رپورٹ عام شہریوں، سکالرز اور محققین کو یہ موقع فراہم کرتی ہے کہ وہ چار سالوں کے دوران اسمبلی کی کارکردگی کے معیار کا جائزہ لے سکیں۔ سپیکر نے کہا کہ یہ رپورٹ پنجاب کے عوام کو اپنے منتخب نمائندوں کے بارے میں مفید معلومات فراہم کرنے کا باعث بنے گی۔سپیکر نے کہا کہ اس رپورٹ سے اسمبلی رولز آف پروسیجر کو سمجھنے میں بھی مدد ملے گی۔ رانا محمد اقبال خاں نے رپورٹ کے مرتب ہونے میں اسمبلی سٹاف کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا انہیں اس بات پر فخر ہے کہ اسمبلی سٹاف نے ہمیشہ اراکین اسمبلی کے لیے خوش دلی اور محنت سے کام کر کے بہترین سروسز فراہم کی ہیں بعد ازاں سپیکر نے شرکاء کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔

 

(عبد القہار راشد)

افسر تعلقات عامہ

فون نمبر: 042-99200310 فیکس نمبر:042-99204750

0300-4284607