Press Release Details

Print

15th March 2018

Press Release of Mr. Speaker of dated 15-03-2018

صوبائی اسمبلی پنجاب

PAP/PRO/SPEAKER/18/14

لاہور۔(پریس ریلیز) 15مارچ 2018

         سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں نے کہا ہے کہ چاروں صوبائی حکومتوں کو تعلیم پرخصوصی توجہ دینا ہو گی کیونکہ تعلیم کے بغیر ملکی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ ملک کو درپیش مشکلات سے نکالنے کے لیے ہمیں اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔دہشت گردی، توانائی کا بحران، مہنگائی اور بے روز گاری ہمارے اجتماعی مسائل ہیں ان کے مناسب اور بر وقت حل کے لیے اجتماعی کوششیں ہونی چاہیئں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نی "صوبائی "کی پنجاب پراجیکٹ سٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ "صوبائی " یورپی یونین کا منصوبہ ہے جس کا مقصدسینٹ آف پاکستان ، نیشنل اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے اراکین کا ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کر کے زیادہ موثر قانون سازی کرنا ہے۔ آج پنجاب اسمبلی میں "صوبائی"کے وفد نے ڈونا بگبی سمیتھ(Dona Bugby Smith) کی سربراہی میں سپیکر سے ملاقات کی۔ بعد ازاں اسمبلی کے کمیٹی روم اے میں " صوبائی" پنجاب کی پراجیکٹ سٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ جس میں رانا محمد اقبال خاں نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی کی نما ئندگان ڈ ونا بگبی سمیتھ، آصفہ خاں ، نادیہ بتول اور اراکین اسمبلی عائشہ جاوید، شہریار ملک ،رمیش سنگھ اروڑا اورسینئر سیکرٹری پنجاب اسمبلی رائے ممتاز حسین بابر ، ڈی جی پارلیمانی امور پنجاب اسمبلی عنایت اللہ لک ، ڈپٹی سیکرٹری قانون سازی پنجاب اسمبلی خالد محمود اور ایڈمنسٹریٹر آٹو میشن پنجاب اسمبلی طارق محمود نے شرکت کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سپیکر نے مزیدکہا کہ"صوبائی"نے گزشتہ سال بلوچستان اسمبلی، آزادجموں کشمیر اسمبلی،گلگت بلتستان اسمبلی کے تمام سیاسی جماعتوں کے اراکین پر مشتمل وفد کو پنجاب اسمبلی کا دورہ کروایا ایسے دوروں کا اہتمام نہایت خوش آئند اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ "صوبائی " کے پلیٹ فارم سے اراکین اسمبلی چاروں صوبوں کے عوام کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اس سے نہ صرف ملک میں ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضا قائم کرنے میں مدد ملے گی بلکہ اس سے صوبوں کے درمیان مختلف مسائل کو سمجھنے اور ان کے حل کی طرف بڑھنے کا بھی موقع ملے گا۔اجلاس کے اختتام پر یور پی یونین کے وفد نے سپیکر رانا محمد اقبال خاں کو پنجاب اسمبلی کی پرفارمنس رپورٹ بھی پیش کی۔

 

)عبد القہار راشد(

افسر تعلقات عامہ

فون نمبر: 042-99200310 فیکس نمبر:042-99204750

موبائل نمبر:0300-4284607