Press Release Details

Print

14th August 2017

Press Release of Mr. Speaker of dated 14-08-2017

صوبائی اسمبلی پنجاب

PAP/PRO/SPEAKER/17/40

لاہور۔(پریس ریلیز) 14اگست 2017

 

          سپیکر پنجاب اسمبلی رانامحمدا قبال خاں نے کہا ہے کہ ہمیں وطن عزیز کو دشمن عناصر سے پاک کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔ حکومت دہشت گردی اور بے روز گاری سمیت تمام چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپورصلاحیت رکھتی ہے۔تنقید برائے تنقید کی سیاست درست نہیں ترقیاتی اور تعمیراتی کاموں پر حکومت کی تعریف بھی کرنی چاہیے ۔ منفی رویے جمہوریت اور ملکی استحکام کے لیے نقصان دہ ہیں ۔ پاکستان وسائل سے مالامال ہے ۔ ہمیں ان وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پرچم کشائی کی پروقار تقریب اسمبلی سیکرٹریٹ کے احاطہ میں منعقد کی گئی ۔ صبح 8:58 منٹ پر سائرن بجایا گیا۔ 9بجے پنجاب اسمبلی کی عمارت پر سپیکر رانا محمد اقبال خاں نے پرچم لہرایا اور قومی ترانہ پڑھا گیا۔ اس موقع پر سپیکر نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔ تقریب میں اراکین اسمبلی ارم باجوہ اور شازیہ کامران کے علاوہ پنجاب اسمبلی کے قائم مقام سیکرٹری عارف شاہین، DGپارلیمانی امور عنایت اللہ لک اور اسمبلی کے افسران اور سٹاف نے شرکت کی۔ بعدازاں سپیکر نے کیفے ٹیریامیں اسمبلی سٹاف سے خطاب کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رانا محمد اقبال خاں نے کہا کہ ہم وطن عزیز کے حصول کے لیے اپنے آباؤ اجداد کی پیش کردہ قربانیوں کو رائیگاں نہیں ہونے دیں گے۔ ملکی ترقی و استحکام کے لیے بڑی سے بڑی قربانی سے بھی دریغ نہیں کریں گے ۔ معاشی انصاف کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ ملکی مفاد کے خلاف کار فرما ہاتھوں کو اتفاق و اتحاد کی قوت سے روکنا ہوگا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دشمن کو شکست ہو گی۔رانا محمد اقبال خاں نے کہا کہ شاعر مشرق علامہ ڈاکٹر محمد اقبال نے مسلمانوں کو خواب غفلت سے بیدار کیا ۔ وطن عزیز نظریاتی بنیادوں پر معرض وجود میں آیا ۔ آج کے دن ہمیں اپنی ناکامیوں کا جائزہ لیتے ہوئے اپنی منزل پر پہنچنے کے لیے لائحہ عمل تشکیل دینا چاہیے تاکہ ماضی کی غلطیاں نہ دہرائی جائیں ، زندہ قومیں اپنی فتح کے یاد گار لمحات بے حد پر جوش طریقے سے مناتی ہیں ۔ بطور پاکستانی ہمیں اپنا یوم آزادی بھر پور طریقے سے منانا چاہیے۔ اس کے لیے ہمیں بھائی چارے کی فضاء قائم کرناہوگی۔ آج پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے فرمودات کے مطابق بھرپور محنت کرنی ہو گی تاکہ عالمی سطح پر پاکستان عزت ووقار کی علامت بن سکے۔انہوں نے کہا کہ وطن کی سا لمیت کے لیے ہمیں آپس کے اختلافات کو بھلا کر آگے بڑھنا چاہیئے اور ملکی تعمیر و ترقی میں ملت کا ہر فرد کردار ادا کرے۔ تقریب کے بعد ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے دعا بھی کی گئی ۔

                                 

(عبد القہار راشد)

افسر تعلقات عامہ

 فون نمبر: 042-99200310 فیکس نمبر:042-99204750

موبائل نمبر:0300-4284607