Press Release Details

Print

18th August 2009

سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں نے چھانگا مانگا میں ”شجر کاری کے قومی دن “کے موقع پر شجر کاری مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب

صوبائی اسمبلی پنجاب

 

لاہور۔(پریس ریلیز) 18 اگست 2009

 

ذخیرہ اندوزوں نے ملک کو مہنگائی سے دوچار کیا ہوا ہے ۔مہنگائی کی وجہ سے اشیائے ضروریہ کی خرید عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہے۔ذخیرہ اندوز ملک میں اشیاء کی مصنوعی قلت پیدا کر رہے ہیں۔ حکومت پنجاب چینی ‘ آٹا و دیگر عام استعمال کی اشیاء کو ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات اٹھا رہی ہے۔ حکومت پنجاب نے رمضان المبارک میں بیس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت دو سو روپے مقرر کرکے عوام دوستی کا ثبوت دیاہے۔ ان خیالات کا اظہار سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں نے چھانگا مانگا میں ”شجر کاری کے قومی دن “کے موقع پر شجر کاری مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ جنگلات ہمارے ملک کا حسن ہیں۔حکومت چھانگا مانگا کی خوبصورتی کو بحال کرنا چاہتی ہے۔جنگلات کو نقصان پہنچانے والے عناصرسے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔حکومت پنجاب معاشی مسائل کے باوجود محکمہ جنگلات میں خاطر خواہ انقلابی تبدیلیاں لا رہی ہے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمدشہباز شریف جنگلات کی بہتری پرخصوصی توجہ ہے اور ان کی ہدایات کی روشنی میں جنگلات کے مسائل کو حل کرنے کے لئے شب وروز ہنگامی بنیادوں پر کام ہورہاہے ۔

 

 

رانا محمد اقبال خاں نے کہا کہ عوام ‘ طلباء ‘ کسان اور تمام مکتبہ فکر کے لوگ شجر کاری کی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر ملک کو سر سبز شاداب بنائیں کیونکہ ان سے ہی ہماری آئندہ نسل کی بقاء ہے۔سپیکر نے کہا کہ درخت ہمیں آکسیجن مہیا کرتے ہیں اور گرمی کی شدت کو کم کرتے ہیں۔ یہ زندگی کی علامت ہیں ۔درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے ۔شجرکاری ایک منافع بخش کاروبار ہے اور خوشحالی کی ضمانت ہے ۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے محکمہ جنگلات کے افسران کو ہدایات جاری کیں کہ کسانوں کو شجر کاری مہم میں شامل کرنے کے لیے انہیں خصوصی مراعات دیں ۔قبل ازیں جائے تقریب پرپہنچنے پرطلباء اور مقامی لوگوں نے سپیکر اور دیگر مہمانوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے انکازبردست استقبال کیا ۔ رانا محمد اقبال خاں نے املتاس کا پودا لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح کیا۔

 

 

اس موقع پرصوبائی وزیر جنگلات احمد علی اولکھ‘ اراکین اسمبلی محسن لطیف ‘ انیلہ اختر چوہدری‘ محمدیعقوب سیٹھی ‘حسن رضا ‘ سیکرٹری جنگلات بابر حسن بھروانہ اور دیگر سیاسی و سماجی تنظیمیں اور طلباء بھی موجود تھے۔

 

)عبد القہار راشد(

 

افسر تعلقات عامہ

 

فون نمبر: 042-9200310 فیکس نمبر:042-9204750

 

موبائل نمبر:0300-4284607