Press Release Details

Print

11th June 2009

سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمداقبال خاں کی15جون 2009سے شرو ع ہونے والے بجٹ اجلاس کے دوران سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے پنجاب اسمبلی م

صوبائی اسمبلی پنجاب

 

لاہور۔(پریس ریلیز) 11جون 2009

 

 

دہشت گردی سے نپٹنے کے لیے پاکستانی قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے۔ ملک دشمن عناصر کو منہ کی کھانا پڑے گی۔ پاکستان کی سا لمیت کی خاطر ہم بڑی سے بڑی قربانی سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمداقبال خاں نے 15جون 2009سے شرو ع ہونے والے بجٹ اجلاس کے دوران سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے پنجاب اسمبلی میں ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی رانا مشہود احمد خاں     ، سنیئر وزیر راجہ ریاض احمد، لیڈر آف دی اپوزیشن چوہدری ظہیرالدین ،وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں ،صوبائی وزیر خزانہ تنویر اشرف کائرہ ،رکن اسمبلی مہر اشتیاق احمد،سیکرٹری پنجاب اسمبلی مقصود احمد ملک، سپیشل سیکرٹری ڈاکٹر آفتاب مقبول جوئیہ ،سی سی پی او لاہور پرویز راٹھور ،ڈی جی ریسکیو 1122ڈاکٹر رضوان نصیر، ایس ایس پی لاہور اور پولیس کے دیگر افسران کے علاوہ بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کے افسران نے شرکت کی۔ رانا محمد اقبال خاں نے محکمہ پولیس اور دیگر افسران کو ہدایت کی کہ پنجاب اسمبلی کی بلڈنگ ،احاطہ، ایم پی اے ہاسٹل، پیپل ہاؤس، سپیکر ہاؤس اور ڈپٹی سپیکر ہاؤس میں فول پروف سکیورٹی مہیا کی جائے۔ اجلاس میں پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں گاڑیوں کے داخلے پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا۔ سپیکر نے اراکین اسمبلی سے درخواست کی کہ کسی بھی ممکنہ صورت حال سے نپٹنے کے لئے وہ ا پنا اسمبلی شناختی کارڈ ہمراہ رکھیں اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ اسمبلی اجلاس کے دوران مہمانوں کا داخلہ مکمل طور پر بند ہو گا۔ اسمبلی سٹاف اور دیگر سرکاری ملازمین اسمبلی کا جاری کردہ کارڈ/داخلہ پاس نمایاں طور پر آویزاں رکھیں گے۔ سپیکر نے اجلاس کے شرکاء کے ساتھ اسمبلی کا دورہ بھی کیا اور پولیس کی بھاری نفری کی تعیناتی کے علاوہ دیگر فوری انتظامات کرنے کے احکامات جاری کیے ۔ بعد ازاں سپییکر کی قیادت میں ایمر جنسی کی صورت میں اسمبلی بلڈنگ خالی کرنے کی ریہرسل بھی کی گئی ۔ ریہرسل سے قبل اسمبلی میں الارم بجائے گئے۔ اسمبلی کی تمام برانچز کو خالی کروا لیا گیا۔ جناب سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کو ان کا پرسنل سٹاف الفلاح بلڈنگ کی طرف کھلنے والے گیٹ سے باہر لایا۔ ریہرسل میں ریسکیو 1122کے نوجوانوں نے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر رضوان نصیر کی سربراہی میں ممکنہ متاثرین کو ریسکیو سروسز مہیا کرنے کی ریہرسل کی ۔ اس موقع پر سپیکر نے کہا اللہ تعالی آزمائش کی گھڑی سے ہمیں محفوظ رکھے تاہم ریہرسل کا مقصد ملازمین میں ایمرجنسی کے حالات کے لیے تیاری اور ٹریننگ ہے۔ انھوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی طرح دیگر اداروں میں بھی ریسکیو ٹریننگ اور ریہرسل کے پروگرام منعقد ہونے چاہییں ۔ سپیکر نے میڈیا اور عوام سے سکیورٹی اداروں سے تعاون کی اپیل کی۔

 

 

)عبدالقہار راشد(

 

افسر تعلقات عامہ

 

فون نمبر: 042-9200310 فیکس نمبر:042-9204750

 

موبائل نمبر:0300-4284607