Address of Mr. Speaker during the Oath taking ceremony of newly elected members of TEVTA Employees Association
صوبائی اسمبلی پنجاب
لاہور۔(پریس ریلیز) 08مئی 2009
تعلیم کسی قوم کی ترقی کا اہم جزو ہے۔ غریب اور امیر سب کے لیے یکساں معیار تعلیم ہونا چاہیے۔ پاکستان کو بچانا ہے تو یکساں معیار تعلیم رائج کرنا پڑے گا۔ ایسا نصاب ترتیب دیا جائے جس میں ہماری درخشاں تاریخ اور اسلامی اقدار بھی شامل ہوں۔ موجودہ دور کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے ٹیچرز ٹریننگ ضروری ہے ان خیالات کا اظہار سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں نے ٹیوٹا ایمپلائز ایسو سی ایشن کے نو منتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تعلیمی نظام میں بہتری کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایجوکیشن کی پالیسیوں کو بہتر بنانے کے لیے سنجیدگی سے کام لینا ہو گا۔رانا محمد اقبال خاں نے کہا کہ چاروں صوبوں کو مل کر ایسی تعلیمی پالیسیاں بنانی چاہئیں جو حکومت تبدیل ہونے کی صورت میں بھی تبدیل نہ کی جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ پڑھا لکھا پنجاب صرف نعروں کی حد تک محدود تھااورشرح خواندگی کو بڑھانے کے لیے کوئی جامع پالیسیاں نہ بنائی گئیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہبازشریف مشکلات کے باوجود محکمہ تعلیم میں عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے ذہین طلباء کو وظائف اور اعلیٰ کارکردگی کے حامل اساتذہ کے لیے نقد انعامات خوش آئند ہیں۔ سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھے بغیر اقوام عالم کا مقابلہ ممکن نہیں۔رانا محمد اقبال خاں نے کہا کہ آج ہم اس وقت تک نظام تعلیم میں اصلاح نہیں لا سکتے جب تک کہ ہم طلبہ میں اپنے اسلاف کی اقدا ر کو اجاگر کرنے میں کامیاب نہیں ہوتے افسوس کہ ایجوکیشن باقاعدہ طور پر انڈسٹری بن چکی ہے اورطلبہ کو کار آمد شہری بنانے کی بجائے بنیادی ترجیح پیسہ کمانا بن چکا ہے۔
اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی رانا تجمل حسین ‘سیکرٹری ٹیوٹا رافعہ نذیر اورایپکا پاکستان کے مرکزی عہدیداران بھی موجود تھے۔بعد ازاں سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں سے صوبہ سرحد سے آئے ہوئے صحافیوں کے وفد نے اسمبلی چیمبرز میں ملاقات کی۔
(عبد القہار راشد)
افسر تعلقات عامہ
فون نمبر: 042-9200310 فیکس نمبر:042-9204750