Press Release Details

Print

9th October 2008

Address with the Oath Taking Ceremony of Newly Elected Members All Pakistan Clerk Association of Allama Iqbal Medical College Unit

صوبائی اسمبلی پنجاب

لاہور۔(پریس ریلیز) 09 اکتوبر 2008

 

          سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں نے کہا ہے کہ ملک محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا کیونکہ اس وقت ہم بے شمار اندرونی اور بیرونی خطرات کا شکار ہیں ملک دشمن عناصر ملک میں افراتفری کا ماحول پیدا کر کے ملک کو کمزور کرنے کے درپے ہیں وہ آج آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن علامہ اقبال میڈیکل کالج یونٹ کے نو منتخب عہدیداران کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ ملک کے معرض وجود میں آتے ہی بے شمار قوتیں اس کے خلاف سازشیں کرنے کے لیے سرگرم ہو گئیں چنانچہ انہی سازشوں کے نتیجہ میں 1971 میں ہمارا ایک حصہ ہم سے جدا ہو گیا مگر ہم نے اس سے سبق نہیں سیکھا اور متحد نہ ہوسکے سپیکر نے کہا کہ ملک کے خلاف سازشوں کا متحد ہو کر سدِباب کرنا ہو گا انہوں نے زور دیا کہ سیاسی قوتوں کے اتحاد کے بغیر سازشی عناصر اپنے منطقی انجام کونہیں پہنچ سکتے۔ رانا محمد اقبال خاں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان کی بنیادوں میں ہمارے آباوٴاجداد کا خون شامل ہے قائد اعظم محمد علی جناح کی قائدانہ صلاحیتوں سے ہمیں الگ وطن تو مل گیا مگر بد قسمتی سے ہم نے قائد اعظم کے خوابوں کو تعبیر نہ دی قائد اعظم کے ایمان ‘ اتحاد اور تنظیم جیسے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہوئے بغیر ہم ترقی نہیں کر سکتے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت معشیت کو مضبوط بنانے کے لیے عوام دوست پالیساں بنائے اور صنعتوں کی بہتری کے لیے جامع اقدامات کرے میاں محمد نواز شریف کے دورِ حکومت میں ملک ایٹمی پاور بنا اب موجودہ اتحادی حکومت اسے اکنامک پاور بنائے سپیکر نے کہا کہ سابقہ حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث زرعی ملک ہونے کے باوجود پاکستان غذائی اشیاء درآمد کر رہا ہے ماضی میں خطے کے دیگر ممالک کی غذائی ضروریات پوری کرنے والا ملک اب گندم درآمد کر رہا ہے رانا محمد اقبال خاں نے زور دیا کہ حکومت عوام کو بنیادی اشیائے ضرورت کی فراہمی کے لیے سبسڈی دے اپنے اخراجات میں کمی کر کے خسارے پر قابو پانے کی کوشش کرے اور قرضوں پر انحصار ختم کرنے کا عزم کرے انہوں نے تجویز دی کہ ملک کی اقتصادی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے کسانوں کو ارزاں نرخوں پر فصلوں کی ادویات فراہم کی جائیں اور ڈیزل پر سبسڈی دی جائے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب ایک با صلاحیت لیڈر ہیں انکی مدبرانہ سوچ کی بدولت پنجاب ایک مثالی صوبہ بنے گا۔

          اس موقع پررکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر سعید ا لٰہی‘ پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم‘ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جناح ہسپتال ڈاکٹر زاہد پرویز‘ صوبائی صدر ایپکامحمد افضل ‘ چیئرمین ایپکا پنجاب شفقت بٹ علامہ اقبال میڈیکل کالج کے سینئر پروفیسر‘ میڈیکل سٹوڈنٹس ‘کالج کے سٹاف اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ بعد ازاں بھکر خود کش بم دھماکہ میں ڈیوٹی سرانجام دینے والے ڈاکٹرز میں ایوارڈ بھی تقسیم کیے گئے۔

 

(عبد القہار راشد)

افسر تعلقات عامہ

فون نمبر:

042-9200310

فیکس نمبر:

042-920475

 

موبائل نمبر :0300-4284607