باب نمبر 19: قواعد میں ترامیم

][1]باب19

 

 

 

 

قواعد میں ترامیم

 

244۔ اے:۔ترمیم کا طریق کار (1)  ماسوائے اس صورت کے کہ سپیکر بہ نہج دیگر ہدایت کرے، قواعد ہذا میں ترمیم کے لئے اجازت طلب کرنے کی تحریک پیش کرنے کا نوٹس، پندرہ کامل یوم قبل مجوزہ ترمیم کے ہمراہ سیکرٹری کو دیا جائے گا۔

(2) سیکرٹری، بعجلت ممکنہ، نوٹس کو اراکین میں متداول کرائے گا۔

(3) اگر اسمبلی کا اجلاس جاری ہو تو ذیلی قاعدہ (1)کے تحت دئیے گئے نوٹس کی مدت گذرنے کے بعد سات دن کے اندر یا اگر اسمبلی کا اجلاس نہ ہو رہا ہو تو آئندہ اجلاس کے آغاز سے سات دن کے اندر تحریک کو فہرست کارروائی میں شامل کیا جائے گا۔

[2]](4) تحریک  کی باری  آنے پرسپیکراسے اسمبلی  میں ووٹ کےلئے  پیش کرے گا  جس کا فیصلہ  حاضر اور ووٹ ڈالنے والے  اراکین  کی اکثریت  سے کیا جائے گا اور اگر  اجازت حاصل  ہوجائے تو سپیکر  اعلان کرے گا  کہ محرک  کو اسمبلی  کی اجازت  حاصل  ہوگئی ہے ۔[

(5) جب ذیلی قاعدہ (4)کے تحت رکن کو اسمبلی کی اجازت حاصل ہو جائے تو وہ تحریک پیش کر سکتا ہے کہ مجوزہ ترمیم کو زیر غور لایا جائے اور ایسی تحریک میں کوئی دیگر رکن یہ ترمیم پیش کر سکتا ہے کہ مجوزہ ترمیم کو سٹینڈنگ کمیٹی برائے قانون و پارلیمانی امور کے سپرد کر دیا جائے۔

(6) اگر تحریک غور کے لئے منظور ہو جائے تو فوری طور پر مجوزہ ترمیم اسمبلی کے سامنے فیصلے کے لئے پیش کی جائے گی۔ اگر مجوزہ ترمیم کو کمیٹی کے سپرد کرنے کے لئے پیش کردہ ترمیم منظور ہو جائے تو معاملے کو کمیٹی کے سپرد کر دیا جائے گا۔

(7) مجوزہ ترمیم کو کمیٹی کے سپرد کر دئیے جانے کے بعد، جہاں تک ممکن ہو، ایسی تبدیلیوں کے ساتھ جنہیں سپیکر ضروری خیال کرے، وہی طریق کار اختیار کیا جائے گا جو اس طرح سپرد کئے جانے والے کسی مسودہ قانون کے ضمن میں اختیار کیا جاتا ہے۔

(8) ماسوائے اس صورت کے کہ اسمبلی بصورت دیگر فیصلہ کرے، ایسا کوئی قاعدہ یا کسی قاعدے میں ایسی ترمیم، جسے اسمبلی نے منظور کر دیا ہو، اس دن سے نافذ العمل ہو گی جس دن اسے سرکاری گزٹ میں مشتہر کیا جائے۔[

[3] ]244۔بی ۔ سٹینڈنگ آرڈرز :۔ اسمبلی  سیکرٹریٹ  کے سپیکر کی منظوری  سے شائع کردہ  سٹینڈنگ  آرڈرز  اسمبلی  اور اس کی کمیٹیوں  کے انضباط  کار اور کارروائی کے انعقاد   کے حوالے سے  قواعد  ہذا کی توسیع  کے طور پر  پڑھے جائیں گے  اور ان پر عمل  درآمد  کیا جائے گا ۔سٹینڈنگ  آرڈرز  اسمبلی سیکرٹریٹ  میں  نافذ قواعد  انضباط  کار  کی تشریح  کے طور پر  بھی پڑھے  جائیں گے ۔[

 

245۔ تنسیخ:۔  قواعد انضباط کار، صوبائی اسمبلی پنجاب، 1973 بذریعہ تحریر ہذا منسوخ کئے جاتے ہیں۔

 



[1]    بذریعہ نوٹیفکیشن  نمبر  PAP/Legis-1(94)/96/83،مورخہ25جون 1997،نیا باب ایزادکیا گیا۔ پنجاب گزٹ (غیر معمولی)،مورخہ 27 جون 1997کےصفحات949-950  ملاحظہ فرمائیں۔

 

[2]  بذریعہ نوٹیفیکیشن  نمبرPAP/Legis-1(28)/2018/2379،شائع شدہ پنجاب گزٹ(غیر معمولی)،مورخہ 11نومبر2020،صفحات3109 تا3112، درج ذیل کی جگہ تبدیل کیا گیا:

(4) تحریک کی باری آنے پر سپیکر مجوزہ ترمیم اراکین اسمبلی کو پڑھ کر سنائے گا اور پوچھے گا کہ آیا رکن کو اسمبلی کی اجازت حاصل ہے۔ اگر کوئی اعتراض اٹھایا جائے تو سپیکر ان اراکین کو، جو اجازت دئیے جانے کے حق میں ہوں، اپنی اپنی سیٹوں پر کھڑا ہونے کے لئے کہے گا اور اگر حاضر اراکین کی اکثریت اس کے حق میں اپنی سیٹوں پر کھڑی نہ ہو تو وہ اعلان کرے گا کہ رکن کو اسمبلی کی اجازت حاصل نہیں ہے اور اگر کوئی اعتراض نہ اٹھایا جائے یا اراکین کی اکثریت اس کے حق میں اپنی سیٹوں پر کھڑی ہو جائے تو سپیکر یہ اعلان کرے گا کہ رکن کو اسمبلی کی اجازت حاصل ہے۔‘

 

[3]  بذریعہ نوٹیفیکیشن  نمبرPAP/Legis-1(28)/2018/2379،شائع شدہ پنجاب گزٹ(غیر معمولی)،مورخہ 11نومبر2020،صفحات3109 تا3112، نیا قاعدہ  ایزادکیا گیا:

ایوان

سیکریٹیریٹ

اراکین

کمیٹیاں

ایوان کی کارروائی

مرکز اطلاعات

رپورٹیں اورمطبوعات