باب نمبر 5: اسمبلی کے اجلاس، کارروائی کی تقسیم اور ترتیب

باب5

 

 

 

 

اسمبلی کے اجلاس، کارروائی کی تقسیم اور  ترتیب

 

24۔ اجلاس کے ایام اور وقت کا تعین۔ (1) اسمبلی کا اجلاس ایسے ایام میں  منعقد ہوا کرے گا جن کے بارے میں سپیکر، اسمبلی کے کام کی نوعیت کےپیش نظر وقتاً فوقتاً ہدایت کرے۔

(2) تا آنکہ سپیکر بہ نہج دیگر ہدایت کرے، اسمبلی کا اجلاس صبح 9.00 بجےسے 2.00 بجے بعد دوپہرتک ہوا کرے گا۔[1]

][2](3)  اسمبلی کی نشست کا آغاز تلاوت قرآن حکیم،  اس کے اردو ترجمہ اور نعت رسول مقبول (ﷺ)سے ہو گا۔[

25۔  اجلاس کا التوا ۔  قواعد ہذا کے تابع سپیکر اس امر کا مجاز ہو گا کہ:۔

 (اے)  اسمبلی کے کسی اجلاس کو غیر معینہ مدت کے لئے یا بصورت دیگر ملتوی کر دے؛ اور                             

(بی)  اگر وہ مناسب خیال کرے تو اسمبلی کا اجلاس کسی ایسے وقت یا  تاریخ کو طلب کرے جو اس سے مختلف ہو جس کے لئے وہ ملتوی کیا گیا تھا اور تبدیلی کے بارے میں اراکین کو ریڈیو، ٹیلی وژن اور اخبارات میں اعلان کے ذریعے مطلع کیا جائے گا ۔

 

26۔ کارروائی کی تقسیم۔ (1)  اسمبلی کی کارروائی کی تقسیم حسب ذیل ہو گی۔

 (اے)  سرکاری کارروائی؛ یا

 (بی)  غیر سرکاری ارکان کی کارروائی۔

 (2)سرکاری کارروائی ایسے مسودات قانون ، قرار دادوں، ترامیم اور دیگرتحاریک پر مشتمل ہو گی جنہیں کسی وزیر نے پیش کیا ہو یا جس کا انہوں نے آغاز کیا  ہو۔

(3) غیر سرکاری ارکان کی کارروائی ایسے مسودات قانون، قرار دادوں، ترامیم اور دیگر تحاریک پر مشتمل ہو گی جنہیں غیر سرکاری ارکان نے پیش کیا ہو یاجس کا انہوں نے آغاز کیا ہو۔

 

 27۔ کارروائی کے انعقاد کے لئے وقت کا تعین۔ (1) منگل کو غیر سرکاری  ارکان کی  کارروائی  کے ماسوا کوئی دوسری کارروائی انجام نہیں دی جائے گی اور  دیگر ایام میں لیڈر آف دی ہاؤس یا اس کی عدم موجودگی میں وزیر قانون و پارلیمانی امور  کی منظوری کے بغیر سرکاری کارروائی کے ماسوا کوئی دوسری کارروائی سر انجام نہیں  دی جائے گی۔

 (2) اگر منگل کو اجلاس نہ ہو تو اگلے یوم کار پر غیر سرکاری اراکین  کی کارروائی کو تقدم حاصل ہو گا۔

 (3)اگر کوئی منگل کا دن گورنر کی جانب سے بجٹ پیش کرنے کے لئےمقرر کر دیا گیا ہو یا سپیکر نے قاعدہ 137 میں محولہ بجٹ کے کسی مرحلے کے لئےمخصوص کر دیا ہو تو ایسے منگل کے دن کی بجائے سپیکر غیر سرکاری ارکان  کی کارروائی کے لئے کوئی دیگر دن مقرر کرے گا۔

 

28۔ کارروائی کی ترتیب :۔ (1) سیکرٹری، سرکاری کارروائی کو  اس طریق سےترتیب دے گا جس طرح کہ وزیر قانون و پارلیمانی امور، یا اس کی عدم موجودگی میں اس  ضمن میں اس کا مجاز کردہ کوئی دیگر وزیر حکومت کی جانب سے اسے مطلع کرے گا۔

 (2)جن ایام میں غیر سرکاری اراکین کی کارروائی کو انجام دیا جانا ہو  تو ذیلی قاعدہ (3)کے احکامات کے تابع کارروائی پر حسب ذیل ترتیب سے غور و خوض کیا  جائے گا:

 (اے)    مسودات قانون جنہیں پیش کیا جانا ہو؛

 (بی)    مفاد عامہ کے معاملات سے متعلق قرار دادیں؛

 (سی)    مسودات قانون جنہیں پیش کیا جا چکا ہو؛ اور

 (ڈی)    کوئی دیگر تحاریک۔

 (3)سپیکر اس امر کی ہدایت کر سکتا ہے کہ مسودات قانون اور قرار دادوں پر  علیحدہ علیحدہ دنوں میں غور و خوض کیا جائے اور اس طرح جس دن مسودات قانون پرغور و خوض کیا جانا ہو اس دن ان مسودات قانون کے لئے جنہیں پیش کیا جاناہو، دن کے پہلے نصف حصہ سے زائد وقت وقف نہیں کیا جائے گا اور دن کا بقیہ حصہ ان مسودات قانون، اگر کوئی ہوں، کے لئے وقف ہو گا جو اسمبلی میں پیش   کئے جانے کا مرحلہ طے کر چکے ہوں۔

 

 29۔ غیر سرکاری اراکین کے مسودات قانون کا باہمی تقدم:۔ (1) غیر سرکاری ارکان کے  مسودات قانون کے باہمی تقدم کا تعین قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا۔

 (2)  تاآنکہ ایوان بصورت دیگر فیصلہ کرے، غیر سرکاری اراکین کے مسودات قانون پر درج ذیل ترتیب سے کارروائی کی جائے گی :۔

(اے)  نئے پیش کئے جانے والے مسودات قانون؛

(بی)  وہ مسودات قانون جو ایسے مرحلے پر پہنچ چکے ہوں جس پر اگلی تحریک  یہ ہو کہ مسودہ قانون کو منظور کر لیا جائے؛

(سی)  وہ مسودات قانون جن کے متعلق یہ تحریک منظور ہو چکی ہوکہ  مسودہ قانون جیسا کہ اس کے بارے میں سٹینڈنگ کمیٹی  یا سیلیکٹ کمیٹی نے رپورٹ پیش کی ہے، کو زیر غور لایا جائے؛

 (ڈی)  وہ مسودات قانون جن کے متعلق سٹینڈنگ کمیٹی یا سیلیکٹ کمیٹی  کی رپورٹ پیش کی جا چکی ہو؛

 (ای)  وہ مسودات قانون جن کے متعلق اگلا مرحلہ سٹینڈنگ کمیٹی  یا سیلیکٹ کمیٹی کی رپورٹ پیش ہونے کا ہو؛ اور

 (ایف)  وہ مسودات قانون جنہیں رائے عامہ  معلوم کرنے کے لئے مشتہر  کیا جا چکا ہو۔

 (3) ذیلی قاعدہ (2)کی اسی ضمن کے تحت آنے والے مسودات قانون کے  باہمی تقدم کا تعین قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا۔

 (4)قاعدہ ہذا کے تحت قرعہ اندازی تیسرے گوشوارے میں مندرج طریق  کار کے مطابق ایسے دن عمل میں لائی جائے گی جو اس دن سے قبل کےپانچویں دن سے کم نہ ہو جس دن کی کارروائی کے لئے قرعہ اندازی عمل میں لائی جارہی  ہو:

        مگر شرط یہ ہے کہ سپیکر کو وقتاً فوقتاً، طریق کار میں ایسی تبدیلیاں،جنہیں وہ مناسب سمجھے، کرنے کا اختیار حاصل ہو گا۔

 

30۔ قراردادوں کا تقدم:۔ (1) ایسی قرار دادیں، جن کے بارے میں غیر سرکاری اراکین نے نوٹس دے دئیے ہوں اور جنہیں پیش کرنے کی اجازت دی  جا چکی ہو، کے باہمی تقدم کا تعین تیسرے گوشوارے میں بیان کردہ طریق کارکے مطابق ایسے دن منعقد کی جانے والی قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا، جو اس دن سے  قبل پانچویں دن سے کم نہ ہو، جس دن کی کارروائی کے لئے قرعہ اندازی عمل میں  لائی جا رہی ہو:

مگر شرط یہ ہے کہ سپیکر کو وقتاً فوقتاً طریق کار میں ایسی تبدیلیاں کرنے کا  اختیار حاصل ہو گا جنہیں وہ مناسب سمجھے۔

 (2) قرعہ اندازی میں شامل نہ ہو سکنے والی قرارداد ختم نہیں ہو جائے  گی بلکہ اسےاُسی اجلاس کے دوران مابعد قرعہ اندازی میں شامل کیا جائے گا۔

 

31۔ تحاریک کا تقدم:۔   قاعدہ 243 کے تحت تحاریک کے باہمی تقدم کا تعین اس تبدیلی کے ساتھ قاعدہ 30 میں مصرحہ طریق کار کے مطابق کیا جائے گا کہ قاعد ہ ہذا میں قراردادوں کے بارے میں حوالوں کو قاعدہ 243 کے تحت پیش کردہ تحاریک کے  بارے میں  دئیے گئے حوالے تصور کیا جائے گا۔

 

32۔ فہرست کارروائی:۔ (1) سیکرٹری ہر نشست کے لئے فہرست کارروائی مرتب کرے  گا اور اس کی ایک ایک نقل ہر رکن نیز کسی ایسے دیگر شخص کے استفادہ کے  لئے مہیا کرے گا جو آئین کے تحت اسمبلی میں تقریر کرنے یا بصورت دیگر اسمبلی  کی کارروائی میں حصہ لینے کا مجاز ہو۔

 (2) تا آنکہ قواعد ہذا میں بہ نہج دیگر مذکور ہو۔

(اے)  کسی دن کی کارروائی اسی ترتیب میں سر انجام دی جائے  گی جس طرح وہ فہرست کارروائی میں رکھی گئی ہو،

(بی)   کوئی کارروائی جو فہرست کارروائی میں شامل نہ ہو سپیکر کی اجازت کے  بغیراُس نشست میں انجام نہ دی جائے گی، اور

 (سی)  کوئی کارروائی جس کے لئے نوٹس مطلوب ہو اس نوعیت  کی کارروائی کے لئے  نوٹس کی  ضروری  میعاد کے  ختم  ہونے   کے بعد آنے والے دن سے قبل کسی دن کی فہرست کارروائی میں درج  نہیں کی جائے گی۔

 (3)تا آنکہ سپیکر بہ نہج دیگر ہدایت کرے زیادہ سے زیادہ پندرہ مسودات قانون  اور پانچ قراردادیں ، علاوہ ایسی قرارداد کے جس پر کسی گزشتہ دن بحث کا آغازکیا گیا ہو اور وہ باقی چلی آ رہی ہو، ایسے یوم کی فہرست کارروائی میں شامل کی جائیں گی ، جو غیر سرکاری ارکان کی کارروائی نمٹانے کے لئے مقرر کیا گیا ہو۔

33۔ دن کے اختتام پر باقی ماندہ کارروائی:۔   قواعد ہذا کے تابع ایسی  جملہ کارروائی کو جو کسی دن کے لئے رکھی گئی ہو اور اس دن اجلاس کے اختتام  سے پیشتر پایہ تکمیل کو نہ پہنچی ہو، اس قسم کی کارروائی کی انجام دہی کے لئے قابل استفادہ اگلے  دن تک یا اس کارروائی  کے رکن متعلقہ کی خواہش کے مطابق اس اجلاس کے دوران کسی دیگر ایسے دن تک ملتوی رکھا جائے گا جو اس کارروائی   کےلئے قابل استفادہ ہو، لیکن غیر سرکاری ارکان کی ایسی باقی ماندہ کارروائی کو ایسےدن کوئی تقدم حاصل نہ ہو گا۔ ماسوائے اس صورت کے کہ اس کا آغاز ہو چکا ہو اوراندریں حالات اس کو صرف غیر سرکاری ارکان کے ایسے دن کے لئے رکھی گئی کارروائی، ماسوائے ان مسودات قانون کے جو پیش کئے جانے ہوں، پر تقدم حاصل ہوگا۔

 

][3]33اے ۔ اسمبلی اجلاسوں کا سالانہ کیلنڈر :۔ (1) ہر پارلیمانی سال  کا آغازہونے پر حکومت  سپیکر  کو اسمبلی  کے اجلاسوں  کا کیلنڈر فراہم کرے گی ۔

(2)  سیکرٹری  کیلنڈراراکین  میں  متداول  کرائے گا ۔

(3)  اسمبلی کا اجلاس  کیلنڈر  میں دی گئی تاریخوں پر منعقد  ہوا کرے گا لیکن گورنر  کیلنڈر  میں دی گئی  تاریخ کے علاوہ  بھی اسمبلی کا اجلاس طلب کرسکتا ہے ۔

(4)  قاعدہ ہذا میں مذکور کوئی  امر سپیکر  کے  آرٹیکل 54اور آرٹیکل  127کی ضمن  (3) کے تحت ریکوزیشن پربلایا گیااسمبلی کااجلاس کسی  بھی وقت طلب  کرنےمیں مانع نہیں ہوگا ۔

 

33بی ۔ اسمبلی کے اجلاس :۔ (1)  ہرسال  اسمبلی کے کم ازکم  تین اجلاس ہوں  گے اور اسمبلی  کے ایک اجلاس  کی آخری نشست  اور اگلے  اجلاس کی پہلی نشست  کےلئے  مقرر کی گئی  تاریخ  کے درمیان  ایک سوبیس یوم  سے زائد کا وقفہ نہ ہوگا ۔

(2)  اسمبلی ہرپارلیمانی سال میں کم ازکم ایک سو ایام کار میں اجلاس  منعقد کرے گی ۔[



[1]   جناب سپیکر نے ہدایت کی ہے  کہ جمعتہ المبارک  کو اسمبلی کا اجلاس 9:00بجے صبح  سے 12:30بعد دوپہر  تک  منعقد ہوگا۔ نوٹیفکیشن نمبر PAP/Legis-1(94)/96/183،مورخہ 24اگست  1999 ملاحظہ فرمائیں ۔(ہفت روزہ گزٹ مورخہ  8 دسمبر  1999 صفحہ 873 میں شائع ہوا)

 2    بذریعہ  نوٹیفکیشن نمبر PAP/Legis-1(27)/08/1171،مورخہ 7اگست2008،تبدیل کیا گیا ۔پنجاب گزٹ(غیر معمولی)مورخہ 16اگست  2008 کا صفحہ231ملاحظہ فرمائیں ۔

 

[3] بذریعہ نوٹیفیکشن نمبرPAP/Legis-1(15)/2013/1380،شائع شدہ پنجاب گزٹ(غیر معمولی)،مورخہ 22فروری 2016،صفحات3937-44،نئےقواعد ایزاد کئے گئے۔

 

ایوان

سیکریٹیریٹ

اراکین

کمیٹیاں

ایوان کی کارروائی

مرکز اطلاعات

رپورٹیں اورمطبوعات